Popular Posts

Tuesday, November 5, 2019

جماعت نہم اردو سبق " لہو اور قالین" تشریح پیراگراف نمبر2


سبق: لہو اور قالین
پیراگراف نمبر2

اقتباس:
تم دنیا سے الگ تھلگ رہ کر مصوری کرتے رہتے ہو.................کیا یہ میری توہین نہیں ہے۔

حوالہ متن:
سبق کا عنوان: لہو اور قالین
مصنف کا نام: میرزا ادیب
صنف: ڈرامہ
ماخذ: لہو اور قالین

خط کشیدہ الفاظ کے معانی
الگ تھلگ..........علاحدہ،
جدا
مصوری.......تصویریں بنانا
واقعہ........ماجرا،قصہ
قلاش.......مفلس،تنگ دست
دکھاوا...... نمود و نمائش
توہین........بے قدری، اہانت، بےعزتی

سیاق وسباق:
تشریح طلب اقتباس درسی سبق "لہو اور قالین " کے درمیان سے اخذ کیا گیا ہے۔ اس سبق میں مصنف کہتے ہیں کہ تصویر کو اول انعام ملنے کے بعد تجمل نے جب مصور اختر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ رکنے کی بجائے وہاں سے جانے پر بضد تھا۔ تجمل نے اختر کو سمجھایا کہ تم یہاں سے چلے گئے تو لوگ کیا کہیں گے۔تمھارے جانے میں میری توہین ہے۔

تشریح:
میرزا ادیب کا شمار اردو ادب کے نامور ڈرامہ نگاروں میں ہوتا ہے۔ ان کے ڈراموں میں زندگی کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہوتا ہے۔" لہو اور قالین " بھی ان کا تحریر کردہ ایسا ڈرامہ ہے جس میں معاشرتی ناہمواری اور ریاکاری جیسے قبیح عوامل کو اجاگر کیا گیا ہے۔
       تشریح طلب اقتباس میں مصنف کہتے ہیں کہ جب مصور اختر نے تجمل سے اپنے گھر واپس جانے کی بات کی تو تجمل نے اسے جانے دینے سے انکار کردیا اور اسے سمجھاتے ہوئے کہا کہ تمھاری معاشرے میں لوگوں کے ساتھ وابستگی نہیں ہوتی  اور نہ تم لوگوں سے میل ملاپ رکھتے ہو کیونکہ تم دنیا و مافیا سے لاتعلق ہو کر  اور تنہائی اختیار کرکے تصویر سازی کرتے رہتے ہو اور تم اس بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے کہ اس طرح کے حالات و واقعات میں لوگ کیا کرتے ہیں۔ وہ بڑی بڑی باتیں بناتے ہیں۔
             اب تم یہاں سے جانے پر بضد ہو تو اس حوالے سے لوگ جو سوچیں گے اور جو باتیں بنائیں گے وہ تم بالکل بھی نہیں جانتے۔ وہ سب میرے اوپر الزام لگاتے ہوئے کہیں گے کہ میں نے ایک غریب اور تنگ دست مصورکو اس کی خستہ حال جھونپڑی سے نکال کر محض دکھاوے اور نمائش کےلیے اپنے ہاں جگہ دی اور پھر اپنا مقصد حاصل کرنے کے بعد اسے واپس بھیج دیا۔اب تم ہی بتاؤ  کہ جب لوگ تمھارے چلے جانے کے بعد اس طرح کی باتیں بنائیں گے تو کیا اس میں میری تذلیل، بےقدری اور اہانت نہیں ہے۔
بقول شاعر

اپنے ہی سونے پن کا مداوا نہ کرسکے
کہنے  کو   ہم   نے   شہر  آباد  کر  دیا

No comments:

Post a Comment

پیراگراف4 اردو ادب میں عیدالفطر

                                                   سبق:       اردو ادب میں عیدالفطر                                                مصنف:    ...