Popular Posts

Saturday, October 12, 2019

جماعت نہم اردو سبق امتحان تشریح پیراگراف نمبر6

سبق: امتحان
پیراگراف نمبر6

اقتباس:
میں نے تقدیر اور تدبیر.............منظور ہوگئی۔

حوالہ متن:
سبق کا عنوان: امتحان
مصنف کانام: مرزا فرحت اللہ بیگ
صنف: مضمون
ماخذ: مضامین فرحت

خط کشیدہ الفاظ کے معانی
تقدیر........قسمت
تدبیر.........سوچ بچار،فہم و فراست
لکچر......... درس، سبق
ثابت کرنا...........ثبوت دینا،
قصہ.........کہانی، واقعہ
مختصر.......چھوٹا،تھوڑا
درخواست شرکت......شامل ہونے کی گزارش

سیاق و سباق:
تشریح طلب اقتباس درسی سبق" امتحان " کے درمیان سے اخذ کیا گیا ہے۔اس کا سیاق و سباق یہ ہے کہ مصنف کہتا ہے کہ مجھے والد صاحب نے ہدایت کی کہ امتحان کی تیاری کی ہے تو اس میں شریک ہو جاؤ۔ کامیابی اور ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔اس پر میں نے امتحان میں شرکت کی درخواست دی جوکہ منظور ہوگئی اور ایک دن ایسا بھی آیا کہ ہم امتحان دینے مقام امتحان پہنچ گئے۔

تشریح:
مرزا فرحت اللہ بیگ کا شمار اردو کے نامور ادیبوں میں ہوتا ہے۔ان کا طرز تحریر سادہ اور پرلطف ہونے کے ساتھ ساتھ مزاح کی چاشنی سے بھرا ہوتا ہے۔"امتحان" بھی ان کا تحریر کردہ ایسا مضمون ہے جس میں امتحان کے اثرات ،اس کی اہمیت اور دوران امتحان کے واقعات کو خوش اسلوبی سے بیان کیا گیا ہے۔
        تشریح طلب اقتباس میں مصنف اپنے " لاکلاس" کے کورس کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ جب میرے والد نے امتحان میں شریک ہونے کی ہدایت کی اور کہا کہ کامیابی اور ناکامی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے تو اس پر میں نے ان کے سامنے تقدیر اور تدبیر پر ایک چھوٹا سا درس دینا شروع کر دیا۔میں نے اپنے اس درس میں یہ ثابت کیا کہ سب کچھ تقدیر سے ہوتا ہے اور وہی ہوتا ہے جو اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ ہماری قسمت اور نصیب میں جو لکھ دیتا ہےوہ ہوکر رہتا ہے اور اس کے آگے ہم جتنے بھی منصوبے اور تراکیب بناتے رہیں سب ناکام رہتے ہیں کیونکہ

" انسان اپنی تدبیر سے بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کرتا ہے مگر ہوتا وہ ہے جو مشیت الٰہی چاہتی ہے".
     چناں چہ ہماری تمام تر
سوچ بچار اور تدابیر قسمت اور تقدیر کے ہاتھوں بےبس رہتی ہیں کیونکہ دنیا کے تمام کام اللہ تعالیٰ کی منشا سے چلتے ہیں نہ کہ ہماری سوچ اور خواہشات کے مطابق۔ یہ تقدیر ہی کے کھیل ہیں کہ بقول احمد فراز

کسی کو گھر سے نکلتے ہی مل گئی منزل
کوئی ہماری طرح عمر بھر سفر میں رہا

         الغرض مختصر کہانی یہ ہے کہ میں نے " لاکلاس" کے امتحان میں شمولیت کےلیے درخواست دی جسے منظور کر لیا گیا اور ایک دن ایسا بھی آیا کہ ہم امتحان میں شریک ہونے کےلیے امتحان گاہ میں موجود تھے۔

No comments:

Post a Comment

پیراگراف4 اردو ادب میں عیدالفطر

                                                   سبق:       اردو ادب میں عیدالفطر                                                مصنف:    ...